ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کمٹہ میں ٹول وصولی کے خلاف جے ڈی ایس کی طرف سے دیا گیا میمورنڈم 

کمٹہ میں ٹول وصولی کے خلاف جے ڈی ایس کی طرف سے دیا گیا میمورنڈم 

Thu, 08 Aug 2024 19:54:51    S.O. News Service

کمٹہ ، 8 / اگست (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے کی فور لین توسیع کا کام کرنے والی ٹھیکیدار کمپنی کی طرف سے وصول کی جا رہی ٹول فیس بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے جے ڈی ایس کی طرف سے عبوری تحصیلدار روی راج دکشیت کو میمورنڈم  پیش کیا گیا ۔
    
اس موقع پر جے ڈی ایس لیڈر سورج نائک سونی نے کہا کہ "انکولہ کے شیرور میں پیش آئے پہاڑی چٹان کھسکنے کے المناک حادثے کے علاوہ ضلع میں نیشنل ہائی وے پر کئی جگہ چٹانیں اور مٹی کھسکنے کے واقعات پیش آئے ہیں ۔ اس کی وجہ سے ایک ہی لائن میں ٹریفک جاری رکھنے کی نوبت آئی ہے ۔ بہت سی جگہوں پر نیشنل ہائی وے کا کام مکمل نہیں ہوا ہے ۔ کمٹہ تعلقہ کے ہولے گدّے ٹول گیٹ سے انکولہ تعلقہ کے ہٹی کیری ٹول گیٹ کے درمیان 60 کلو میٹر کا فاصلہ  نہ  رہنے کے باوجود یہاں پر ٹول وصول کرنا ضابطے کے خلاف ہے ۔ اس تعلق سے ضلع ڈپٹی کمشنر کو ضروری اقدام کرنا چاہیے ۔"
    
سونی نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے جو لوگ اپنے گھروں سے محروم ہوئے ہیں ان کے لئے حکومت کی طرف سے 8 لاکھ روپے معاوضہ ملنا چاہیے ۔ فائر اسٹیشن میں جو پرانے اور خستہ فائر فائٹر انجن ہیں انہیں بدل دینا چاہیے ۔ جن سڑکوں اور پہاڑوں میں شگاف پیدا ہوئے ہیں وہاں حفاظتی اور احتیاطی اقدامات ہونے چاہئیں ۔ ان مطالبات کے ساتھ وزیر اعلیٰ کو میمورنڈم روانہ کیا جائے گا ۔
    
اس موقع پر جے ڈی ایس کے لیڈران موجود تھے ۔ 


Share: